جامعہ گجرات کے برنس انکوبیشن سنٹر کے زیر اہتمام مختلف سکولوں کے بچوں کے لیے جونیئر لیڈر شپ سکول کا انعقاد کیا گیا۔


Mian Fayyaz Ahmed Posted on July 24, 2017

گجرات (پ۔ر)جامعہ گجرات کے برنس انکوبیشن سنٹر کے زیر اہتمام مختلف سکولوں کے بچوں کے لیے جونیئر لیڈر شپ سکول کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ گجرات میں منعقدہ اس دو روزہ کیمپ کا مقصد سکولوں کے طلبہ کو محنت، عظمت اور دیانت کے بار آور تصورات سے روشناس کرواتے ہوئے معاشرہ و سماج کے ذمہ دار شہری بننے کی جانب راغب کرنا تھا۔ جونیئر لیڈر شپ سکول کے تحت اس دو روزہ کیمپ میں مختلف سکولوں کے تقریباً پینتیس طلبا و طالبات نے شرکت کی جن کی عمریں چھ سے چودہ سال کے درمیان تھیں۔

 

جامعہ گجرات اپنی مختلف سماج پسند سرگرمیوں کے ذریعے معاشرتی و سماجی ترقی کے عمل کو تیز تر کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔ وائس چانسلرجامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے مطابق جامعات کا اصل فریضہ معاشرہ و سماج کی فلاح و بہبود ہے۔ جامعات اعلیٰ تعلیمی اداروں کا درجہ و رُتبہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرہ و سماج کے وہ تخلیقی ادارے ہیں جو قوم کی علمی و عملی ترقی کے دھاروں کو مثبت رُخ عطا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ایکسپرٹ BICمحمد حیدر معراج نے بتایا کہ بزنس انکوبیشن سنٹر طلبہ میں خود اعتمادی اور خود روزگاری کے جذبہ کو مہمیز کرتے ہوئے ملکی ترقی میں ہاتھ بٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دورحاضر میں تعلیمی تصورات میں ایک اہم مثبت تبدیلی آ چکی ہے۔ یہ خوش آئند تبدیلی ملک و قوم کی اجتماعی ترقی کا پیش خیمہ ہے۔ نونہالان قوم ہمارے قومی مستقبل کے امین اور آئندہ قومی ترقی کے معمار ہیں۔ انہیں صحت مند سماجی سرگرمیوں کے ذریعے قومی انسانی اثاثہ بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔