حکومت مثبت سوچ لے کر آئی، کاروبار اور سرمایہ کاری کو تحفظ دینا چاہتے ہیں: عمران خان


Sajjad Bhutta Posted on December 09, 2018

کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے جس کے تحت بزنس اور سرمایہ کاری کو فروغ اور تحفظ دینا چاہتے ہیں۔
گورنر ہائوس میں وزیراعظم عمران خان سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں، آپ کے پاس اس لیے آیا ہوں تاکہ آپ ہمیں تجاویز دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہت پوٹینشل ہے اور بیرون ممالک کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔
وزیراعظم سے تاجروں اور اسٹاک مارکیٹ کے وفد کی ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے کے مطابق وفد نے وزیراعظم کو اسٹاک براکرز اور اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔
سٹاک مارکیٹ کے وفد نے وزیراعظم کو مالیاتی استحکام کیلئے تجاویز بھی پیش کیں جن میں سے بیشتر تجاویز منظور کرلی گئیں جب کہ وفد کی جانب سے حکومت کی مالیاتی پالیسی پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وزیر اعظم سے معروف صنعت کار اور ایف پی سی سی آئی کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے ، کاروبار کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے، مقصد غربت کا خاتمہ ہے، پورے ملک میں مساوی ترقی چاہتے ہیں، پاکستان اسی وقت ترقی کرے گا جب کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے، بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے، ہمارے ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے۔