پیراگون کیس: درخواست ضمانت منسوخ، نیب نے خواجہ برادران کو گرفتار کرلیا


Sajjad Bhutta Posted on December 11, 2018

لاہور ہائیکورٹ نے پیراگون ہائوسنگ سکینڈل کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نیب نے دونوں بھائیوں کو پیرا گون ہائوسنگ سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے کئی بار طلب بھی کیا ہے۔
دونوں بھائیوں نے نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی تھی۔
قبل از گرفتاری درخواست ضمانت میں توسیع کے لیے خواجہ برادران آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر خواجہ برادران کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ امجد پرویز نے دلائل دیئے اور کہا کہ نیب کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے، جس پر عدالت عالیہ نے دونوں بھائیوں کی درخواست ضمانت میں 13 دسمبر تک کی توسیع کردی۔
اس موقع پر خواجہ برادران کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی جائے، تاہم عدالت نے توسیع کی درخواست مسترد کرکے بحث آج ہی مکمل کرنے کا حکم دیا۔
جس پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی اور خواجہ برادران کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پیراگون ہاسنگ کیس کے ایک ملزم قیصر امین بٹ کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں وعدہ معاف گواہ بناکر 164 کا بیان ریکارڈ کروایا گیا ہے جبکہ بیان کی کاپی بھی نہیں دی جا رہی۔
جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شواہد کی نقل تو آپ کو نہیں دی جاسکتی۔
سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے خواجہ برادران کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد نیب کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا۔
ترجمان نیب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ خواجہ برادران کو پیراگون سٹی کرپشن کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے سے نیب کے ملزمان کے خلاف معقول شواہد پیش کرنے کی تصدیق ہوئی۔